انرولمنٹ ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات منسوخ

کہروڑپکا (25مئی): انرولمنٹ ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور دیگر اساتذہ کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیئےگئے۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر( زنانہ) کہروڑ پکا کی طرف سے جاری ہونے والے احکامات (کاپی نیچے درج ہے) میں کہا گیا ہے کہ جن سکولوں کی انرولمنٹ ٹارگٹ(85 فیصد) سے کم ہوگی ان کے ہیڈ ٹیچر اور دیگر اساتذہ کو گرمیوں کی چھٹیاں نہیں ملیں گی۔یہ احکامات جاری ہونے سے اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے یہ وعدہ کیا تھا کہ بچوں کو سکولوں میں لانا اساتذہ کی نہیں بلکہ بچوں کے والدین کی ذمہ داری ہوگی اب اس قسم کے احکامات جاری ہونا افسران بالخصوص وزیر تعلیم اورسیکرٹری ایجوکیشن کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے ہر سطح پرافسران اپنے طور پرایک اتھارٹی ہیں اور ہرایک کے احکامات دوسروں سے مختلف ہیں۔