ترکی کی معروف یونیورسٹیوں کے اعلی تعلیمی وفدکا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

لاہور(10جون، سوموار):ترکی کی معروف یونیورسٹیوں سے اعلی تعلیمی وفدنے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمداختر سے ان کے آفس کے کمیٹی روم میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی ڈاکٹر تقی زاہد بٹ، رجسٹرار ڈاکٹرمحمد خالد خان، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز،ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے فیکلٹی ممبر احمد منیب مہتا،عبداللہ سلیم، یونس نازف، سبینہ حسینوااور سیہان صوبانگ لونے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی اور ترکی کی معروف یونیورسٹیوں میں تعلقات کو فروغ دینے پرسیر حاصل گفتگو ہوئی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ترکی کی معروف یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ تحقیقاتی منصوبے شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کو اساتذہ و طلباء کے وفود کے تبادلے کو فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے اعلی تعلیمی ادارے مشترکہ کاوشوں سے مختلف تعلیمی شعبوں میں بہتری لا سکتے ہیں۔وفد کے شرکاء نے پنجاب یونیورسٹی میں بیرون ممالک سے آئے طلباؤ طالبات کو دوستانہ ماحول مہیاکرنے اور اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے پر وائس چانسلرکا شکریہ ادا کیا۔