پنجاب یونیورسٹی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے والے منصوبوں کی سپورٹ کریں گے، بیگم پروین سرور

لاہور 27)جون،جمعرات): گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے کہا کہ ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بہترین منصوبوں پر کام ہو رہاہے جن کی حکومت کی جانب سے سرپرستی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں کیا۔ اس موقع پر کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، فیکلٹی ممبران، پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی نمائندگان اورطلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بیگم پروین سرور نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے خواتین کی ہر سطح پر شرکت کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو گرل گائیڈ کے شعبے میں بھی آگے آنا چاہئے۔ بعدازاں کالج کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے خوشگوار ماحول کیلئے اقدامات پر کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بارش کے پانی کو استعمال کرنے کے منصوبے کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر 60طالبات نے بطور گرلز گائیڈ کے رجسٹریشن کرائی۔