وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کی زیر صدارت مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے اجلاس اور ریلی کا انعقاد

مسئلہ کشمیر پر سب متحد ہیں، پنجاب یونیورسٹی کا پیغام 
لاہور (5اگست،سوموار):وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازاحمد اختر کی زیر صدارت مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے الرازی ہال میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں  پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، سیکریٹری جاوید سمیع، صدور شعبہ جات، فیکلٹی ممبران، طلباؤطالبات اور ملازمین نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورے میں جو پذیرائی ملی ہے بھارت اس سے پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے کے لئے آخری حد عبور کر چکا ہے۔ہم بھارت اور عالمی برادری کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے معاملے پر ہم سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ٹیکنالوجی سمیت ہر اعتبار سے پاکستان سے کمتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں بچوں اور بوڑھوں پر کلسٹر بم پھینک رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا درجہ بدلنے کی بھارتی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔ صدر آسا ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیغام ہے کہ کشمیر کے معاملے پر سب متحد ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر اساتذہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے استصواب رائے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سفارتی کوششوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے بین الاقوامی برادری تک پہنچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے کشمیریوں کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ بعد ازاں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے اظہار یکجہتی کیلئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اخترکی سربراہی میں الرازی حال سے وائس چانسلر آفس تک ریلی نکالی گئی جس میں اساتذہ، طلباؤ طالبات اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شریک افراد نے ’کشمیر بنے گا پاکستان‘کے نعرے بھی لگائے۔