تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی بہت اہم ہیں: چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹرفضل احمد خالد

والدین اور اساتذہ طلبہ کی کردار سازی پر توجہ دیں، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی
پانچ روزہ ہم نصابی مقابلہ جات میں جی سی فیصل آباد نے پہلی، پنجا ب یونیورسٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کی
دی پنجاب سکول، دانش سکولوں اور گیریژن اکیڈمی کی شاندار کارکردگی


لاہور (27ستمبر،جمعہ): وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے والدین اور اساتذہ سے کہا کہ طلباء کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مہذب اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی، پنجاب ہائیر ایجوکیشن،دی ایجوکیشنسٹ، نیب اور ادارہ تعلیم وتحقیق کے تعاون سے منعقدہ پانچ روزہ آل پاکستان ہم نصابی مقابلوں کی فیصل آڈیٹویم میں منعقدہ  اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل احمد خالد، سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی، کالم نگار میاں حبیب، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری،دانشور ڈاکٹر شفیق جالندھری، ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ ڈاکٹر شبیر سرور،فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسر نیازا حمدنے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں جس سے احساس ہوتا ہے کہ ملک کامستقبل بہت روشن ہے۔انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر شبیر سرور اوران کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں سالانہ کی بنیاد پر طلباؤطا لبات ہم نصابی سرگرمیوں کے کوٹہ پر داخلہ لیتے ہیں اور یونیورسٹی کی شفاف میرٹ کی پالیسی کے باعث دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔
چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں اتنے پر امن اور منظم پروگرام کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد تعریف کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں علوم کا پاور ہاؤس ہیں اورنئے علم کی تخلیق میں پنجاب یونیورسٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ہم نصابی سرگرمیاں بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن ملک میں کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہا ہے بیچلر کی سطح پر نئے پروگرامز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتیوں میں اضافہ کرنے کیلئے ماضی میں ایسی سرگرمیاں سکولز، کالجزاور یونیورسٹیوں کی سطح پر منعقد کرائی جاتی تھی۔ اس روایت کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد، ڈاکٹر شفیق جالندھری، ڈاکٹر شبیر سروراور دیگر منتظمین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کو بی اس ضمن میں پنجاب یونیورسٹی کی تقلید کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر شفیق جالندھری نے کہا کہ دوسرے صوبوں بالخصوص بلوچستان کے طلباؤطالبات کی تعلیم کیلئے وائس چانسلر پروفیسر نیازا حمد کی طرف سے وسائل مختص کرنا لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ ہم نصابی مقابلوں کا مقصد پاکستان کے تمام صوبوں کے طلباؤطالبات کو ایک دوسرے کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرناتھا۔ انہوں نے بہترین پروگرام کے انعقاد کیلئے تعاون کرنے والے تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

پانچ روز ہ کل پاکستان ہم نصابی مقابلوں میں یونیورسٹی۔ کالج کی سطح کے مقابلوں میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے پہلی جبکہ پنجاب یونیورسٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سینئر سکول کٹیگری میں دی پنجاب سکول نے پہلی اور دانش سکول میانوالی نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ اسی طرح جونیئرسکول کٹیگر ی میں گریژن اکیڈمی نے پہلی جبکہ دی پنجاب سکول نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر نیا زا حمد نے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔

واضح رہے کہ دی ایجوکیشنسٹ کی طرف سے منعقدہ پانچ روزہ ہم نصابی مقابلوں طلباؤ طالبات کے مابین قرات، نعت، اردو انگریزی پنجابی مباحثے،فوٹوگرافی،مضمون نویسی، شاعری،پینٹنگ، کارٹون ڈرائنگ، ویڈیو گرافی، ملی نغمے اور تھیٹر کے مقابلے ہوئے۔