گرین پاکستان: پنجاب یونیورسٹی میں ایک لاکھ درخت لگانے کی مہم کا آغاز

لاہور (یکم اکتوبر،منگل):صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز میں پودا لگا کر ایک لاکھ درخت لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازا حمد اختر، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر، آفیشلز، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شجر کاری مہم پنجاب یونیورسٹی، ایگری ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کارپوریشن آف پاکستان اور ایس اے گروپ کے اشتراک سے شروع ہو گئی ہے۔
اس مہم کے دوران پنجاب یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں مختلف اقسام کے ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
اپنے خطاب میں ملک نعما ن احمد لنگڑیال نے کہا کہ زمین پر زندگی کے تحفظ کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو خطرناک موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے جس سے وقت ضائع کئے بغیر نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رہنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ماحول کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مسئلہ پر اقوام متحدہ میں اپنی تقریرکے دوران بھی سب سے پہلے بات کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گلوبل وارمنگ کے باعث شدید ماحولیاتی خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے چاول اور کاٹن کی فصلوں کوکئی جگہ پر نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا پنجاب میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے درختوں کا سونامی لائیں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ اگلی نسل کا مستقبل محفوظ ماحول سے جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قدرتی ماحول کو بچانے کیلئے ہر سطح پر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی قدرتی ماحول کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز صرف 9سال پہلے قائم ہوا اور عالمی کیو ایس رینکنگ میں ٹاپ251تا300اداروں میں شامل ہے۔
ڈاکٹر سلیم حیدر نے شرکاء کو ادارہ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال، وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد و دیگر نے انسٹی ٹیوٹ کے لان میں لوکاٹ کے پودے لگائے۔