پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی ممبرکی بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی

لاہور (28نومبر،جمعرات):پنجاب یونیورسٹی شعبہ اردو کے پروفیسر اور ادارہ تالیف و ترجمہ کے ناظم ڈاکٹر محمد کامران نے آلبرگ یونیورسٹی، کوپن ہیگن، ڈنمارک میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ای۔لرننگ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔کانفرنس میں دنیا بھر سے تین سو سے زائدمندوبین نے شرکت کی جبکہ پاکستان سے صرف ڈاکٹر محمد کامران کو مدعو کیا گیا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے مقالے میں ای۔لرننگ کے حوالے سے جنوبی ایشیا میں ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عالمگیریت کے باعث افریقہ، ایشیا اور دنیا کے دوسرے ترقی پذیر ممالک میں مقامی زبانوں اور ثقافتوں کو جو خطرات لاحق ہیں، ان کے حوالے سے مغرب کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر محمد کامران نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی اعانت کے باعث انہیں بین الاقوامی ای۔لرننگ کانفرنس میں پاکستان کی نمایندگی کا موقع ملا۔