پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کالجز کے امیدواروں کیلئے خوش خبری: یونیورسٹی نے داخلہ فارم آن لائن کر دیا

لاہور (3فروری،سوموار):پنجاب یونیورسٹی نے الحاق کالجز کے امیدواروں کے لئے پہلی مرتبہ داخلہ فارم آن لائن کر دیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر، پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، کنٹرولر امتحانات رؤف نواز، ایڈیشنل کنٹرولرراجا شاہد جاوید، ڈپٹی کنٹرولر خرم عنایت و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کنٹرولر امتحانات رؤف نواز نے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تقریبا ایک لاکھ طلباء کے داخلہ فارم رواں سال آن لائن وصول کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر نیاز احمد کی ہدایت پر داخلہ فارم کا نظام آن لائن کیا گیا۔ رؤف نواز نے کہا کہ اب طلباء اور کالج انتظامیہ کو فارم جمع کرانے کے لئے یونیورسٹی نہیں آنا پڑے گابلکہ الحاق کالجز کے ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس، بی کام پارٹ ون، ٹو کے طلباء آن لائن داخلہ فارم بھجواسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الحاق کالجز کے ایم اے،ایم ایس سی پارٹ ون، ٹوکے طلباء آن لائن داخلہ فارم بھیجیں گے جبکہ ایل ایل بی تین سالہ پروگرام کے ایل ایل بی پارٹ ٹو، تھری کے امیدوار آن لائن داخلہ فارم جمع کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ایل بی پانچ سالہ پروگرام کے پارٹ ون، ٹو اور تھری کے طلباء بھی آن لائن فارم جمع کرائیں گے۔کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ آن لائن سسٹم کا پائلٹ پراجیکٹ الحاق کالجز کے چار سالہ بی ایس پروگرام کے طلباء پر رواں سال آزمایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس چار سالہ پروگرام کے سات ہزار طلباء کا آن لائن فارم اس سال جنوری میں لیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ طلباؤ طالبات کی سہولت کے لئے امتحانی نظام کے دیگر شعبے بھی آن لائن کریں گے تاکہ ہر سال پنجاب یونیورسٹی کے پانچ لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو سہولت مل سکے انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کاغذ کی بھی خاطر خواہ بچت ہو گی جو ماحول کی بہتری کا بھی باعث ہے۔