پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف انرجی اینڈ انوائرنمنٹل انجینئرنگ کے زیر اہتمام توانائی اور ماحولیات پرآن لائن کانگریس کا انعقاد

لاہور (24دسمبر،جمعرات):پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انرجی اینڈ انوائرنمنٹل انجینئرنگ  کے زیر اہتمام توانائی اور ماحولیات پر آن لائن کانگریس کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وائس چانسلر جھنگ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سلمان طاہر،ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، کانگریس چیئر پروفیسر ڈاکٹر حامد ستار،ریسرچ سکالرز اور طلباؤ نے آن لائن کانگریس میں شرکت کی۔ کانگریس کے اندر توانائی اور ماحولیات سے متعلق پانچ مختلف موضوعات پر آن لائن سمپوزیم منعقد ہوئے جن میں ملکی اور غیر ملکی ریسرچ سکالرز نے 35 سے زائد تحقیقی مقالہ جات پیش کئے۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمدنے کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید آگے بڑھنا ہو گا تاکہ ہم ان عوامل پر قابو پا سکیں جو ہمارے ماحول کو آلودہ کر رہے ہیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف جھنگ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے پاکستان کے اندر توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم نے کہا کہ ہمیں سستی توانائی کے حصول کے لئے ملکی ذرائع پر انحصار کرنا ہو گا۔ اختتامی کلمات میں کانگریس چیئر پروفیسر ڈاکٹر حامد ستار نے معزز مہمانوں، ریسرچ سکالرز اور طلباء کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف انرجی اینڈ انوائرمینٹل انجینئرنگ ملک بھر کے طلباؤطالبات کو توانائی اور ماحولیات پر تحقیقات کے لئے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی اسی طرح ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔